نئی دہلی، 19/جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مرکزی جانچ بیورو نے بدھ کو شمالی ریلوے کے جمنا نگر (ہریانہ)میں واقع جگادھری ورکشاپ کے ورکس مینیجر کو رشوت خوری کے معاملے میں رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔سی بی آئی کے ترجمان کے مطابق، مذکورہ افسر کے خلاف رشوت خوری کی شکایت ملنے پر پی سی ایکٹ1988کی دفعہ 7کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔شکایت کنندہ کو ریلوے ویگن کی مرمت کے تین الگ الگ ٹھیکے محکمے کی طرف سے دئیے گئے تھے۔ان میں سے دو ٹھیکوں کا کام مکمل ہوگیا تھا اور ایک کا کام جزوی طور پر مکمل ہو پایا تھا۔کام کی تکمیل کی بنیاد پر اس نے بل بنا کر دیا۔الزام ہے کہ مذکورہ ورکس منیجر نے ٹھیکیدار سے ان بلوں کو پاس کرنے کے بدلے میں دو فیصد رشوت کا مطالبہ کیا، جو تقریبا 17ہزار 340روپے تھی۔رشوت کی رقم نہ دینے پر بل پاس نہ کرنے کی دھمکی بھی دی۔مندرجہ بالا شکایت کی بنیاد پر سی بی آئی کی ٹیم نے جال بچھایا اور ملزم ورکس منیجر کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔گرفتار کئے گئے ورکس منیجر کو جمعرات کو پنچکولہ میں واقع سی بی آئی کے خصوصی جج کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔